160
اسلام آباد، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے محکمہ امیگریشن کے 2 افسران کو کرپشن میں ملوث ہونے پر برطرف جبکہ کئی ملازمین کی تنزلی کر دی گئی۔
دستاویزات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف کرپشن اور بد عنوانی ثابت ہو گئی۔ اس متعلق یہ بتایا گیا کہ بدعنوانی میں ملوث افسران ا ور اہلکاروں میں سب انسپکٹر، اے ایس آئی اور ہیڈ کانسٹیبل شامل ہیں۔
ثبوت ملنے کے بعد 2 افسران کو نوکری سے برطرف کرنے کیساتھ ساتھ 15 افسران اور اہلکاروں کی تنزلی کر دی گئی۔
تنزلی کے بعد 6 اے ایس آئی کو ہیڈ کانسٹیبل بنا دیا گیا جبکہ سب انسپکٹر کی اے ایس آئی کے عہدے پر تنزلی کردی گئی۔
دستاویز کے متن کے مطابق کرپشن میں ملوث 8 ہیڈ کانسٹیبلز کی بھی کانسٹیبل کے عہدے پر تنزلی کر دی گئی۔
کرپشن میں ملوث تمام افسران اور اہلکاروں کے محکمانہ کارڈ ضبط کر کے انہیں ایڈمن برانچ ہیڈ کوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایات کی گئیں ہیں۔