کراچی، کینیڈا جانے والے مسافر سے ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی گئی۔
ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے ترجمان کے مطابق، ٹورنٹو روانہ ہونے والے مسافر کے قبضے سے مجموعی طور پر 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی کرنسی برآمد کی گئی، جسے بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
تفصیلات کے مطابق، مسافر جب کراچی ایئرپورٹ پر پہنچا تو اس کے سامان کی تلاشی کے دوران 70 ہزار امریکی ڈالر، 2200 کینیڈین ڈالر اور ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے۔
ترجمان اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ مسافر کو ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، کرنسی کی غیر قانونی منتقلی روکنے کے لیے سیکیورٹی ادارے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔
یا درہے کہ غیر قانونی اسمگلنگ ایک ایسا عمل ہے جو کسی ملک کی معیشت، قانون، سلامتی اور معاشرتی نظام کو بری طرح متاثر کرتا ہے، اسمگلنگ کے ذریعے جب اشیاء یا کرنسی بغیر کسی ڈیوٹی یا اجازت کے ملک میں داخل یا باہر جاتی ہیں، تو حکومت کو محصولات کی مد میں بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے، جس سے قومی ترقی کے منصوبے متاثر ہوتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ اسمگلنگ مقامی صنعتوں کو نقصان پہنچاتی ہے کیونکہ سستی اور غیر معیاری اشیاء مارکیٹ میں آکر مقامی مصنوعات کا مقابلہ کرتی ہیں، جس سے روزگار کے مواقع کم ہوتے ہیں اور بے روزگاری میں اضافہ ہوتا ہے۔