لاہور، پاکستان علما کونسل کے سربراہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے، اور اہل غزہ کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کی کسی بھی سازش کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جمعہ کے خطبات میں "یومِ یکجہتی فلسطین” کے عنوان پر روشنی ڈالی گئی، ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی مظالم کو کسی بھی طور پر جائز نہیں کہا جا سکتا۔
حکومت پاکستان اور مختلف فلاحی ادارے فلسطینی بھائیوں کے لیے امدادی سامان بھیج رہے ہیں اور ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے پُرامن رہے۔
حافظ اشرفی کا کہنا تھا کہ اس نازک وقت میں پوری امت مسلمہ کو اتحاد کی ضرورت ہے اور تمام مسلمانوں سے دعا کی اپیل کی گئی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اسرائیلی اشیاء کا بائیکاٹ کرنا چاہیے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے، ان کا مطالبہ تھا کہ مسلم دنیا کے تمام بڑے رہنماؤں کو مکہ مکرمہ میں اکٹھا کیا جائے تاکہ ایک مؤثر حکمتِ عملی تیار کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی افواج، حکومت اور عوام فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ فلسطین ہمارا تھا، ہے اور ہمیشہ ہمارا ہی رہے گا، آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اہل فلسطین اور کشمیریوں کو آزادی عطا فرمائے۔