پنسلوینیا، ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر کملا ہیرس صدر منتخب ہوئیں تو امریکی معیشت تباہ ہو جائے گی۔
ری پبلکن صدارتی امیدوار ٹرمپ نے پنسلوینیا میں ریلی سے تقریر کے دوران کہا کہ جو بائیڈن نے معیشت برباد کردی، 35 لاکھ سے زائد امریکی بےروزگار ہوگئے، بدترین مہنگائی کی وجہ سے ہر گھرانے پر سالانہ 28 ہزار ڈالر کا بوجھ پڑا۔
سابق امریکی صدر کا یہ کہنا تھا کہ کملا ہیرس کی نام نہاد پاورپلانٹس بند کرنے کی پالیسی ختم کردوں گا، صدر منتخب ہوا تو امریکی سٹیل ملز کی نجکاری روک دوں گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید یہ کہنا تھا کہ ڈیموکریٹس نے بائیڈن کی جگہ ہیرس کو صدارتی امیدوار نامزد کر کے امریکا میں بغاوت کی، جوبائیڈن کی بجائے کملا ہیرس کو شکست دینا میرے لیے آسان ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ میں صدارتی الیکشن کیلئے انتخابی مہم میں تیزی آگئی، رواں سال نومبر میں 4 سالہ مدت کے لیے صدارتی الیکشن کا انعقاد ہوگا جس میں ڈیموکریٹ کی جانب سے کملا ہیرس اور ری پبلیکننز کی جانب سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ مضبوط امیدوار ہیں اوراس معاملے میں دونوں امیدواروں کے درمیان سیاسی کشیدگی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔
دوسری جانب جوبائیڈن نے کہا کہ ہمارے فیصلے آنیوالی دہائیوں کے لیے ہماری قوم اور دنیا کی قسمت کا تعین کریں گے، کیا آپ جمہوریت اور امریکہ کے لیے ووٹ دینے کیلئے تیار ہیں؟ کیا آپ کملا ہیرس کو ووٹ دینے کے لیے تیار ہیں۔
جوبائیڈن کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے پہلی سیاہ فام خاتون کو امریکی سپریم کورٹ میں لا کر اپنا وعدہ وفا کیا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ روس کو لگتا تھا 3 دن میں قبضہ کر لے گا آج 3 سال بعد بھی یوکرین آزاد ہے، ہم غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے بھی متحرک ہیں۔