ہفتہ, 26 اپریل , 2025

اگر عمران خان کو کوئی سمجھوتہ کرنا ہوتا تو وہ کب کا ہو چکا ہوتا، عمر ایوب

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کو کوئی سمجھوتہ کرنا ہوتا تو وہ کب کا ہو چکا ہوتا۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ہم گزشتہ جمعرات کو عدالتی احکامات کے ساتھ آئے تھے، عدلیہ اور ججز کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اپنے احکامات پر عمل کروائیں گے یا صرف رسمی طور پر موجود رہیں گے۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ملک میں انصاف نہ ہو اور قانون کی حکمرانی غائب ہو۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ آج ملاقات کا دن مقرر تھا لیکن یہاں پولیس کی صورتحال دیکھی جا سکتی ہے، اس وقت ملک میں نہ آئین کی عملداری ہے نہ قانون کی۔ پولیس اور رینجرز کو ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جب کہ قیدیوں کو بھی قانون کے مطابق حقوق حاصل ہوتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر عمران خان کو نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، انہیں گزشتہ تین ماہ سے اپنے بچوں سے بات چیت کی اجازت نہیں ملی، جبکہ سیاسی ساتھیوں سے بھی ملاقات سے روکا جا رہا ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ ن لیگ والے یہ تاثر دے رہے ہیں کہ اگر عمران خان معافی مانگ لیں تو تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ معاملہ سیاسی نوعیت کا ہے،بانی پی ٹی آئی نہ کبھی بھاگے، نہ ہی کسی ڈیل یا نرمی کے خواہاں ہیں۔ ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آصف زرداری نے سندھ کا پانی فروخت کیا ہے اور اب دکھاوا کر رہے ہیں، اختر مینگل اور ان کے ساتھیوں پر کل بلاوجہ فائرنگ کی گئی،گندم کے بحران اور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے آنے والے حالات مزید خراب نظر آ رہے ہیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter