137
راولپنڈی، اڈیالہ جیل کے افسران نے سابق وزیراعظم عمران خان کی مبینہ سہولت کاری کے معاملے پر ان کے سیل کی سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں کے اہلکار بھی سیل کے اطراف تعینات رہیں گے، سیل کے اطراف جیل عملے کو ہفتہ وار تبدیل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران جیل عملے کو صحافیوں، وکلا اور پارٹی رہنماؤں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل میں رہائش پذیر اہلکاروں کی بھی مکمل تلاشی لی جائے گی۔
سکیورٹی اداروں نے کل ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل محمد اکرم کو بھی تحویل میں لیا ہے، محمد اکرم پر عمران خان کیلئے جاسوسی، پیغام رسانی اور سہولت کاری کا الزام ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بلال سے بھی سکیورٹی اداروں نے کل رات پوچھ گچھ کی ہے۔