153
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اڈیالا جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے مقدمات کو یکجا کرنے کی درخواست قبول کر لی۔
قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ اس درخواست پر سماعت کی۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے لیے ایس او پیز انٹرا کورٹ اپیل میں طے کیے جا چکے ہیں، جبکہ ان سے ملاقاتوں سے متعلق مختلف درخواستیں مختلف بینچز میں زیر سماعت ہیں۔
وکیل نے کہا کہ میرے مؤکل کو ہفتے میں 5 دن اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہونا پڑتا ہے، اگر تمام کیسز ایک ہی بینچ میں مقرر ہو جائیں تو انہیں بار بار پیشی سے بچایا جا سکتا ہے۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے تمام مقدمات کو یکجا کرنے اور لارجر بینچ تشکیل دینے کی ہدایت جاری کر دی۔