اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد میں شامل تمام جماعتیں ایک موقف پر متفق ہو رہی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا واحد مقصد ملک میں آئین و قانون کی بالادستی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتیں اگر میرٹ پر فیصلے کریں گی تو ملک میں استحکام اور خوشحالی آئے گی، لیکن اس وقت مہنگائی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے، اشیائے خور و نوش عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں، جبکہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کی وجہ سے کاروبار زوال پذیر ہوچکا ہے۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ انٹیلیجنس ایجنسیز اپنی اصل ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہیں۔
ہمارے جوان اور افسران شہید ہو رہے ہیں، جبکہ ملک میں تقریباً 13 انٹیلیجنس ایجنسیاں موجود ہیں، جن کے اہلکاروں کی تمام تر توجہ پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات بنانے پر مرکوز ہے، جہاں دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں، وہاں انٹیلیجنس اداروں کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
آصف زرداری اور بلاول بھٹو سندھ کے عوام کے ساتھ دھوکہ کر رہے ہیں اور سندھ کے پانی کو فروخت کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔
پیکا ایکٹ پر بلاول بھٹو زرداری مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں، حالانکہ وہ خود اس قانون کی منظوری میں شامل تھے۔ شہباز شریف کی سیاست کا واحد مقصد اپنی وفاداریاں ثابت کرنا ہے۔