چوہدری شافع حسین کا کہنا ہے کہ گجرات میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
گجرات: صوبائی وزیر اور مسلم لیگی رہنما چوہدری شافع حسین نے واضح اعلان کیا ہے کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں برسوں سے جاری پراپرٹی کا کاروبار اب مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اب یہاں صرف صنعتی یونٹس ہی لگیں گے، تاکہ اصل مقصد یعنی صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گجرات میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ شہر کے سیوریج سسٹم اور روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
چوہدری شافع حسین نے کہا: "انڈسٹریل اسٹیٹس میں پلاٹ لینا صرف کاروباری پراپرٹی ڈیلنگ کا ذریعہ بن گیا تھا، ہم نے یہ سلسلہ بند کروا دیا ہے، اب ہر پلاٹ پر صنعتی سرگرمی ضروری ہوگی۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ اوقاف کی زمینوں کا رینٹ بڑھانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، اور ان زمینوں پر موجود ناجائز قبضے ختم کرانے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں وکلاء سے ملاقات کے دوران صوبائی وزیر نے کہا کہ وکلاء جوڈیشل ریفارمز کے حوالے سے اپنی تجاویز دیں، تاکہ عوام کو فوری اور سستا انصاف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا:
"وکلاء انصاف کی فراہمی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، ان کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی۔”