پشاور، امن جرگہ کی جانب سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو کالعدم پی ٹی ایم سے مذاکرات کے لیے اختیار دے دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے شرکت کی گئی۔
جرگے کے شرکا کی جانب سے کالعدم پی ٹی ایم سے مذاکرات کے لیے وزیر اعلیٰ پختونخوا کو اختیار دے دیا گیا، وزیر اعلیٰ کی جانب سے مذاکرات کا اختیار دینے پر شرکا کا شکریہ ادا کیا گیا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ دیگر مشاورت اور لائحہ عمل جلد طے کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ میری دعوت پر جرگے میں شرکت کرنے پر سب کا مشکور ہوں، آج سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر صوبے میں امن کے لیے جمع ہوئے ہیں اور شہریوں کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم مسئلے کے پر امن حل کے لیے راستہ نکالنے میں کامیاب ہوں گے،کسی بھی مسئلے کا حل تصادم یا تشدد نہیں بلکہ مذاکرات ہی ہوتے ہیں۔