راولپنڈی، امریکی سفارت خانے کا ایک وفد اڈیالہ جیل کا دورہ کرنے پہنچا۔
جیل ذرائع کے مطابق وفد کو امریکی شہریت رکھنے والے قیدی ظاہر ذاکر سے ملاقات کی اجازت دی گئی، اس مقصد کے تحت امریکی وفد اڈیالہ جیل پہنچا۔
وفد میں امریکی سفارت خانے کے اہلکار مائیکل پیٹرک، خاتون نمائندہ ماریہ، اور سیکیورٹی افسر مہوش شامل تھیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے دفتر میں کرائی گئی، یہ ملاقات ظاہر ذاکر کی خیریت دریافت کرنے اور اسے ممکنہ قانونی معاونت فراہم کرنے سے متعلق تھی۔
یاد رہے کہ اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان کی امریکی شخصیات سے ملاقاتوں کی اطلاعات موجود ہیں، تاہم یہ ملاقاتیں امریکی سفارت خانے کے وفود کے ساتھ نہیں ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق، نومبر 2024 میں امریکی نژاد پاکستانی شخصیات، جو عمران خان کے دیرینہ دوست اور حامی ہیں، نے اڈیالہ جیل میں ان سے متعدد ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں کا مقصد عمران خان، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مفاہمت کے امکانات پر بات چیت کرنا تھا۔ تاہم، بعد میں عمران خان نے اس عمل سے علیحدگی اختیار کر لی، جب انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ سے حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکتا ہے۔