امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے خبردار کیا ہے کہ گرین کارڈ ہولڈرز کو امریکا میں مستقل رہائش کی کوئی ضمانت حاصل نہیں، آئندہ مہینوں میں بڑی تعداد میں غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کیے جانے کا امکان ہے۔
امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ گرین کارڈ رکھنے والے افراد امریکی شہریوں جیسے مکمل حقوق کے حامل نہیں ہیں، اور اگر حکومت کسی کو بے دخل کرنے کا فیصلہ کرے تو انہیں رکنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ بنیادی طور پر آزادیٔ اظہار کا نہیں بلکہ قومی سلامتی سے جڑا ہوا ہے، امریکی شہریوں کے حقوق ان افراد سے مختلف ہیں جو گرین کارڈ ہولڈر یا اسٹوڈنٹ ویزا پر ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد میں 95 فیصد کمی آئی ہے، اور اسٹوڈنٹ ویزا رکھنے والے افراد کے حوالے سے بھی سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالتے ہی غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف سخت کارروائیاں کی گئی تھیں، جس کے تحت اب تک سینکڑوں افراد کو ملک بدر کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ نے مختلف ممالک کے شہریوں پر نئی سفری پابندیاں عائد کرنے پر غور شروع کر دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ممکنہ طور پر 41 ممالک پر عائد کی جانے والی سفری پابندیوں کی فہرست سامنے آچکی ہے، جنہیں3 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔