واشنگٹن، تقریباً دو درجن امریکی ریاستوں نے صحت کے شعبے میں فنڈز کی کٹوتی کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔
ریاستوں کے اٹارنی جنرلز نے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف رہوڈ آئی لینڈ کی فیڈرل کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ ان میں نیویارک، کولوراڈو، پنسلوانیا اور واشنگٹن ڈی سی سمیت دیگر ریاستیں شامل ہیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے 11 ارب ڈالر کی غیر قانونی کٹوتی کی ہے، جس سے عوامی صحت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے اور مستقبل میں وباؤں کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اس کٹوتی کو فوری طور پر روکا جائے، کیونکہ یہ فنڈز کووڈ-19 کی ٹیسٹنگ، ویکسینیشن اور ذہنی صحت کے پروگرامز کے لیے مختص کیے گئے تھے۔
دوسری جانب یو ایس ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز ڈیپارٹمنٹ نے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ وبا کے بعد فنڈز کو ضائع ہونے سے بچایا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ہزاروں افراد کی ملازمتیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں، جبکہ بیماریوں کی روک تھام کی کوششوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔