پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پاکستان تحریک انصاف اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات سے متعلق ہونے والے سوالات پر وضاحت دیدی۔
لاہور کی اے ٹی سی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کی کوشش اعظم سواتی کی اپنی ہے، پی ٹی آئی کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ اگر اعظم سواتی مذاکرات کا کوئی راستہ نکالتے ہیں تو وہ اصول کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ صاف اور شفاف انتخابات اور ملک میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ لوگ اغوا نہ ہوں۔ اگر کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ ہم کسی پتلی گلی سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں، تو ایسا نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوگی تو صورت کلئیر ہوگی۔
دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظوری کرلی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں بانی پاکستان تحریک انصاف کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی۔