جدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے عرب منصوبے کے تحت غزہ کی تعمیر نو کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔
جدہ میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔ اجلاس میں رکن ممالک نے فلسطینی علاقوں میں عرب منصوبے کے تحت تعمیر نو کی حمایت کی۔
او آئی سی کے سربراہ حسین ابراہیم طحہٰ نے کہا کہ تنظیم فلسطینی عوام کی جبری نقل مکانی جیسے بیانات کو مسترد کرتی ہے اور عرب لیگ کے منصوبے کی حمایت کرتی ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور اسرائیل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فلسطینیوں پر مظالم بند کرے۔
یادرہے کہ چند روز قبل قاہرہ میں ہونے والے او آئی سی اجلاس میں مصر نے 53 ارب ڈالر کا منصوبہ پیش کیا تھا، جس میں 5 سال کے دوران لاکھوں مکانات، تجارتی بندرگاہ اور ایئرپورٹ کی تعمیر کے ساتھ فلسطینی علاقوں میں انتخابات اور دو ریاستی حل شامل ہے۔
اجلاس کے اختتام پر عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط نے اعلان کیا کہ مصر کا منصوبہ اب ایک عرب منصوبہ بن چکا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجویز دی تھی کہ فلسطینیوں کو غزہ سے نکال کر دیگر ممالک میں منتقل کر دیا جائے، جسے عالمی برادری نے مسترد کر دیا تھا۔