تل ابیب، حزب اللہ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ کردیا۔
اسرائیلی حکام کے مطابق نیتن یاہو کی رہائشگاہ پر ڈرون حملے کے دوران اسرائیلی وزیراعظم موجود نہیں تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے لبنان سے ڈرون حملے میں اسرائیلی وزیراعظم کی رہائشگاہ کو نشانہ بنایا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صہیونی فوج نے اس حوالے سے یہ بتایا کہ اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونیوالے 2 مزید ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا۔
یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے امکان کو روکا جاسکتا ہے اور میرے خیال میں لبنان میں جنگ بندی کیلئے ورک کیا جاسکتا ہے، تاہم غزہ میں جنگ بندی بہت مشکل ہوگی۔
یاد رہے کہ حزب اللہ کی جانب سے گزشتہ روز حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار کی شہادت کی تصدیق ہونے کے بعد اعلان کیا گیا تھا کہ اب اسرائیل پر حملے مزید تیز ہوجائیں گے۔