بیروت، حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کو 18 فروری تک لبنان سے نکل جانا چاہیے۔
اپنے ایک بیان میں سربراہ حزب اللہ نے کہا کہ اسرائیل کے پاس لبنان میں رہنے کا اب کوئی بہانہ نہیں، معاہدے کے مطابق اسرائیل کو 18 فروری تک لبنان سے مکمل فوجی انخلا کرنا ہے۔
حزب اللہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ 18 فروری کے بعد لبنانی سرزمین پر کسی بھی اسرائیلی فوجی کی موجودگی کو قبضہ تصور کیا جائے گا، سب جانتے ہیں قبضہ کرنے والوں سے کیسے نمٹا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں اسرائیلی فوج حزب اللہ کے خلاف کارروائیوں کیلئے جنوبی لبنان میں داخل ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے تحت اسرائیلی فوج کو جنوبی لبنان سے انخلا کیلئے 60 دن کی مہلت دی گئی تھی۔
اسکے بعد ڈیڈ لائن کو بڑھا کر 18 فروری 2025 تک کیا گیا جبکہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں پانچ چوکیوں پر فوج رکھنے کی درخواست کی ہے۔
دوسری جانب بھارت کے شہر نئی دہلی کے ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ مچنے سے 18 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہے کہ ہندوؤں کے مذہبی تہوار کمبھ کے میلے کے باعث ریلوے سٹیشن پر شدید رش تھا، اسی دوران ریلوے سٹیشن پر بھگدڑ مچ گئی، ریلوے سٹیشن کے ایک پلیٹ فارم پر دوسرے پلیٹ فارم کے مسافروں کے آنے سے بھگدڑ مچی۔