اسلام آباد، ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر تحریک انصاف کا دوہرا معیار کھل کر سامنے آگیا۔
ایوان بالا میں تنخواہیں بڑھنے کے معاملے پر پی ٹی آئی کے اراکین کی جانب سے شور شرابہ کیا گیا لیکن اضافی تنخواہ لینے پر سب تیار ہیں۔
غیرملکی میڈیا کا بتانا ہے کہ سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر کے مطابق کسی پی ٹی آئی سینیٹر نے تنخواہ میں اضافہ نہ لینے کے حوالے سے تاحال سینیٹ سیکرٹریٹ کو تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا۔
سید حسنین حیدر کا بتانا ہے کہ سینیٹرز کو اضافہ شدہ تنخواہ کی ادائیگی ابھی شروع نہیں ہوئی، صدر مملکت نے تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے سے متعلق بل کی توثیق نہیں کی، صدر مملکت کی توثیق کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ نوٹیفکیشن جاری کرے گا، اگر کوئی رکن اضافہ نہیں لینا چاہتا تو تحریری طور پر سینیٹ سیکرٹریٹ کو آگاہ کر دے۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ارشد شریف قتل کیس کھلنا ہے، جب یہ کیس کھلے گا تو بڑے بڑے لوگ شکنجے میں آئیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کو دوستی میں مارا گیا، وہ جتنا اسٹیبلشمنٹ سے قریب تھے اتنا ہی پی ٹی آئی کے قریب تھے، گٹھ جوڑ ملے گا تو اس میں بہت کچھ ملے گا اور میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں ان کو قتل کیا گیا ہے۔