اسلام آباد، احسن بھون ایڈووکیٹ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے ممبر بن گئے۔
پاکستان بارکونسل کی جانب سے احسن بھون کو ممبر جوڈیشل کمیشن بنانے کی منظوری دیدی گئی ہے۔
پاکستان بار کونسل کا بتانا ہے کہ احسن بھون 14 ووٹ لے کر جوڈیشل کمیشن کے رُکن منتخب ہوئے ہیں اور آئندہ 2 سال تک کمیشن کے رکن رہیں گے۔
جوڈیشل کمیشن میں پاکستان بارکونسل کے نمائندہ کی جگہ اختر حسین کے استعفے سے خالی ہوئی ہے۔
دوسری جانب رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بابر اعوان کا کہنا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس نہیں ہونے دیا گیا اس کا مطلب ہے کہ یہ نظام آئین کے خلاف ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کا کوئی جلسہ نہیں تھا صرف اجلاس تھا، ایک طرف سرکاری خرچ پر جلسے ہو رہے ہیں، اس تمام کے باوجود میٹنگ بھی ہوگی اور لوگ بھی نکلیں گے اور آواز تو اٹھتی رہے گی۔