لیگی رہنما نے عمران خان کو قومی مجرم قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی کو اپنا سربراہ تبدیل کرنے کا مشورہ دے دیا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اپنا سربراہ تبدیل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی قیادت کسی ایماندار شخص کے حوالے کی جائے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی قومی مجرم ہیں اور اپوزیشن پاکستان کی ترقی سے خائف ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو سیاسی نہیں بلکہ معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے، جبکہ تحریک انصاف خالی کرسیوں کے ساتھ کانفرنس کر رہی ہے اور اسے امید ہے کہ شاید امریکا ان کی مدد کرے گا۔
احسن اقبال نے امریکا سے متعلق بیانیے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ لطیفہ ہے کہ امریکا پہلے بانی پی ٹی آئی کو رہائی دلائے گا اور پھر وہی پاکستان کو امریکا کی غلامی سے نجات دلائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی نہیں، بلکہ ان کے پاس عدالتوں سے مقدمات ختم کرانے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔
مصطفیٰ عامر قتل کیس: اہم گواہ نے عدالت میں ملزم ارمغان اور شیراز کو شناخت کرلیا
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اب ملک میں مثبت سیاست کی ضرورت ہے، گالم گلوچ، دھرنے اور احتجاج کے ہتھکنڈے ماضی کا قصہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو جماعت کرپشن کے خاتمے کی سیاست کرتی تھی، اس کے سربراہ پر خود سب سے بڑی چوری ثابت ہو چکی ہے۔
احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف نے 64 ارب روپے کا ڈاکہ ڈال کر خود کو صادق اور امین قرار دینا ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، کیونکہ یکم اپریل 2022 میں تحریک انصاف ملک کو دیوالیہ کر چکی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج سرمایہ کار پاکستان کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں، جو مسلم لیگ (ن) کی کامیاب معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔