بیروت، لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کو اب نئے مرحلے میں لے جانے کا اعلان کیا گیا ہے جس میں اسرائیل پر حملے مزید تیز ہونگے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے اپنے ایک بیان میں یہ کہا کہ اسرائیل کیساتھ ان کی لڑائی اب نئے مرحلے کی طرف جارہی ہے۔
حزب اللہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں میں دشمن کے خلاف نئے ہتھیار بھی استعمال کیے گئے ہیں۔
حزب اللہ کے بیان کے مطابق ہم اسرائیل کیخلاف جنگ کے نئے مرحلے کا آغاز کررہے ہیں اور اب پہلی دفعہ گائیڈڈ میزائل اور نئے قسم کے خودکش ڈرون طیارے استعمال کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ حزب اللہ نے اسی ہفتے کے آغاز میں اپنے ایک نئے میزائل قادر ٹو سے بھی تل ابیب کو نشانہ بنایا تھا۔
دوسری جانب، اسرائیل کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس نے ایک کارروائی میں حماس کے نئے سربراہ یحییٰ السنوار کو شہید کردیا ہے تاہم اب حماس کے ذرائع نے اپنے سربراہ حماس کی شہادت کی تصدیق کردی۔
اس حوالے سے حماس نے کہا کہ یحیی السنوار کو رفاہ میں اسرائیلی حملے میں شہید کیا، یحیی السنوار کی شہادت کی تصدیق اسماعیل ہانیہ کے بیٹے نے کی ہے۔