جمعہ, 25 اپریل , 2025

آئی ایم ایف والے کسی مقدمے کا پوچھنے چیف جسٹس کے پاس نہیں گئے، وفاقی وزیر قانون

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس سے ملاقات میں آئی ایم ایف والے کسی مقدمے کا پوچھنے نہیں گئے، ان کی حدود نہیں کہ کیسز کے میرٹ پربات کریں۔

سینیٹ اجلاس میں پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو اتنی چٹھیاں لکھی جاتی ہیں کہ عدالتوں میں یہ ہو رہا ہے اس پر ایکشن لیں۔

latest urdu news

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد ججز کو نہیں چیف جسٹس کو ملا، چیف جسٹس عدلیہ کے سربراہ کی حیثیت سے کام کرتے ہیں، عدلیہ کے کچھ پروگرامز ہیں جن کے لیے بین الاقوامی ادارے فنڈنگ کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ چیف جسٹس سے ملاقات میں آئی ایم ایف والے کسی مقدمے کا پوچھنے نہیں گئے، ان کی حدود نہیں کہ کیسز کے میرٹ پر بات کریں۔

اعظم نزیر تارڑ کو جواب دیتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی قیادت پر کرپشن کے سنگین چارجز تھے جو انہوں نے خود بنائے تھے، الیکشن کمیشن جب فریق بن جائے تو وہ وہی فیصلے کرے گا جو اس نے کیا، ایسا جانبدار اور سمجھوتے والا الیکشن کمیشن کبھی نہیں دیکھا۔

واضح رہے کہ ایک روز پہلے آئی ایم ایف کے وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کی تھی۔

اعلامیے میں یہ بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے وفد کا خیرمقدم کیا اور عدالتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ پیش کیا۔

چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ عدلیہ آزاد ادارہ ہے اور بطور سربراہ اس کی خودمختاری کا تحفظ ان کی ذمہ داری ہے، عام طور پر عدلیہ کا ایسے مشنز سے براہ راست رابطہ نہیں ہوتا۔

ملاقات میں چیف جسٹس نے جوڈیشل کمیشن سے متعلق اہم آئینی پیشرفت اور اصلاحات پر روشنی ڈالی اور اعلیٰ سطح کی عدالتی تقرریاں، عدالتی احتساب اور جوڈیشل کمیشن کی تنظیمِ نو کے بارے میں بتایا۔

چیف جسٹس نے عدلیہ اور پارلیمانی کمیٹی کے انضمام کے فوائد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے آئندہ اجلاس کے لیے ایک اہم ایجنڈا بن رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران عدالتی احتساب اور ججوں کے خلاف شکایات کے ازالے کے طریقہ کار پر بھی گفتگو کی گئی اور چیف جسٹس نے ایک مضبوط اور منصفانہ احتسابی عمل کی اہمیت پر زور دیا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter