وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے امید ظاہر کی ہے کہ آئینی ترامیم کے معاملے پر حکومت مولانا فضل الرحمان کو قائل کر لے گی۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے آئینی ترمیم پر مولانا فضل الرحمان سے اتفاقِ رائے کی امید ظاہر کی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کی بات سن رہے ہیں اور وہ ہماری بات سن رہے ہیں، اور آئینی ترمیم پر ان سے بات بن جائے گی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ کچھ دن پہلے مولانا فضل الرحمان نے ایک کالے ڈبے کا ذکر کیا تھا جس سے "کالا کاغذ” نکلا، بعد میں وہ کالا ڈبہ ہرا اور پھر سفید ہوگیا، اور اب اس معاملے پر آگے کا پراسیس چل رہا ہے۔
مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ ہم پیپلز پارٹی کی بات بھی سن رہے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے ابھی تک کسی اتفاقِ رائے کی بات نہیں کی ہے اور ان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلوں کے تضاد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک فیصلے کا دوسرے سے کوئی میل نہیں ملتا، تاہم آئینی ترمیم کا معاملہ جسٹس منصور سے متعلق نہیں ہے۔