ٹنڈو اللہ یار، سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کی جانب سے پی ٹی آئی سے احتجاج ملتوی کرنے کی اپیل کردی گئی۔
ٹنڈو اللہ یار میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم پر جو چیزیں ہم نے مسترد کیں وہ واپس ہوچکی ہیں، جو مسودہ حکومت کی طرف سے لایا گیا تھا ہم نے مسترد کردیا تھا۔
جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس مسودے سے عدلیہ کمزور ہوجاتی اور انسانی حقوق برباد ہوجاتے ہیں تاہم مسودے پر کافی ہم آہنگی ہوچکی ہے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں اس لیے نہیں کہ عوام کے مفاد کے خلاف قانون پاس کریں، بلاول بھٹو، سابق وزیراعظم نوازشریف اور پی ٹی آئی کی قیادت سے ملاقات کروں گا، 18 ویں ترمیم میں بھی ہمیں 9 مہینے لگ گئے تھے، آج کیا مسئلہ ہے جو ہم پر جلدی مسلط کی گئی، ہم اب اتفاق رائے سے قریب پہنچ چکے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے پی ٹی آئی سے اپیل کی کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس تک احتجاج ملتوی کریں، پہلے بھی مظاہرے کے نتائج اچھے نہیں آئے۔