ہفتہ, 26 اپریل , 2025

گجرات اور جلال پور جٹاں میں ڈکیتی و چوری کی وارداتیں عروج پر، شہری خوف و ہراس کا شکار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات اور جلال پور جٹاں میں ڈکیتی و چوری کی وارداتیں عروج پر، شہری خوف و ہراس کا شکار۔

جلال پور جٹاں میں ڈکیتی کی ایک بڑی اور منفرد واردات سامنے آئی ہے جہاں 12 مسلح ڈاکو محلہ لنگڑیال کے ایک گھر کی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کی۔ ڈاکوؤں نے گھر سے 11 لاکھ روپے نقدی، 17 تولے طلائی زیورات (جس کی مالیت تقریباً 25 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے)، ایل ای ڈی اور موبائل فونز سمیت مجموعی طور پر تقریباً 60 لاکھ روپے مالیت کا سامان لوٹ لیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکو مکمل اطمینان سے واردات مکمل کر کے فرار ہو گئے۔ پولیس تھانہ صدر جلال پور جٹاں نے قدیر اختر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

latest urdu news

دوسری جانب، گجرات میں بھی چوری و راہ زنی کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ میانہ پورہ میں عطاء الرحمن کے گھر سے نامعلوم چور 70 ہزار روپے نقدی اور دو لاکھ روپے مالیت کے زیورات لے اڑے۔ لالہ موسیٰ کے گاؤں چوہان کلاں میں واپڈا کا پانچ لاکھ روپے مالیت کا ٹرانسفارمر چوری ہو گیا۔ تھانہ کنجاہ کے علاقے کوٹ موجدین کے قریب مسلح ڈاکو گوجرانوالہ کے رہائشی سے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔

شیخ الٰہی کالونی گجرات میں بھی موٹر سائیکل چوری کی واردات ہوئی، جہاں خالد آباد کے رہائشی عاصم اقبال کی موٹر سائیکل چرا لی گئی، جب کہ کنجاہ سے بھی عمیر ساجد کی موٹر سائیکل نامعلوم چور لے اُڑے۔

ان وارداتوں نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے جبکہ پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس چوری و ڈکیتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter