حکومت نے مختلف ممالک سے ڈی پورٹ کیے جانے والوں کے پاسپورٹ بلاک کردیے۔
اسلام آباد، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے دورے کے دوران اجلاس کی صدارت کی جس میں انہیں بتایا گیا کہ 53 ہزار ڈی پورٹ پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کر دیے گئے ہیں۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ پاسپورٹ کے حصول کے لیے نئی شرائط کے تمام قانونی تقاضے فوری مکمل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد غیر قانونی امیگریشن اور پیشہ ور بھکاریوں کی روک تھام ہے۔
محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے پاسپورٹ بلاک کرنے کے فیصلے پر 100 فیصد عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان نئی شرائط سے ملک کا امیج بہتر ہوگا اور بیرون ملک جانے والے شہریوں کی ساکھ متاثر نہیں ہوگی۔
اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکریٹری داخلہ محمد خرم آغا، ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ اور ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی بھی شریک تھے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے یہ اقدام غیر قانونی ہجرت کے بڑھتے ہوئے رجحان اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر قابو پانے کے لیے کیا گیا ہے۔