لاہور، سابق وزیراعلی پنجاب اور نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف کی جانب سے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے یہ کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اسٹیٹ کے مفادات کی قیمت پر اپنی سیاست چمکانا چاہتی ہے۔
شنگھائی تعاون تنطیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس کے موقع پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے اعلان پر سابق وزیراعلی پنجاب مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز کا بیان سامنے آگیا۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں یہ کہا کہ پی ٹی آئی فساد اور انتشار کی روش چھوڑنے پر تیار نہیں، ایس سی او سمٹ سے دنیا میں جو مقام ہم نے کھو دیا تھا اسے بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پی ٹی آئی ریاست کے مفادات کی قیمت پر اپنی سیاست کو چمکانا چاہتی ہے، مٹھی بھر بلوائیوں کو سڑک پر لا کر دنیا میں پاکستان کی تذلیل کرانا چاہتی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی ہو رہی ہو تو آئی ایم ایف کو خط لکھ دیتے ہیں اور ایس سی او سمٹ کے موقع پر احتجاج کی کال، پاکستان کی معاشی اور خارجی کامیابیاں اس جماعت کو ہضم نہیں ہورہی ہیں۔
یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کووفاقی دارالحکومت میں منعقد ہو گا۔