اسلام آباد، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج بھی ملکی مفادات کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔
اسلام آباد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم قابلِ تعریف ہیں، کیونکہ اس اقدام سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ایک مخصوص جماعت بدستور انتشار کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے، جبکہ ملک کو دہشت گردی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پی ٹی آئی کو عوام کی فلاح اور قومی ترقی برداشت نہیں ہو رہی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے نفرت، تفریق اور انتشار پر مبنی سیاست کی بنیاد رکھی اور اس جماعت کے اقدامات نے ملکی سلامتی کو نقصان پہنچایا ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کو کوئی سمجھوتہ کرنا ہوتا تو وہ کب کا ہو چکا ہوتا۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ہم گزشتہ جمعرات کو عدالتی احکامات کے ساتھ آئے تھے، عدلیہ اور ججز کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اپنے احکامات پر عمل کروائیں گے یا صرف رسمی طور پر موجود رہیں گے۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ملک میں انصاف نہ ہو اور قانون کی حکمرانی غائب ہو۔