جمعہ, 25 اپریل , 2025

پاکستان میں اسٹار لنک کی انٹرنیٹ سروسز کا آغاز قریب، این او سی جاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک کو این او سی جاری ہونے کے بعد پاکستان سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے شعبے میں داخل ہونے کے لیے تیار ہے۔

اسٹار لنک کے پاکستان میں آپریشنز کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق پاکستان اسپیس ایکٹیوٹیز ریگولیٹری بورڈ نے تمام تقاضے پورے ہونے کے بعد کمپنی کو این او سی جاری کردیا ہے۔

latest urdu news

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی کلیئرنس کے بعد یہ اجازت نامہ جاری کیا گیا، جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) آئندہ دو ہفتوں میں اسٹار لنک کو باقاعدہ لائسنس فراہم کرے گی۔

اسٹار لنک پہلے ہی پی ٹی اے میں لائسنس کے لیے درخواست دے چکا ہے اور اپنا ٹیکنیکل و بزنس پلان بھی جمع کرا چکا ہے۔ کمپنی نے پاکستان میں رجسٹریشن کے تین مراحل مکمل کر لیے ہیں، جن میں ایس ای سی پی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ سے رجسٹریشن بھی شامل ہے۔

لائسنس ملنے کے بعد اسٹار لنک پاکستان میں اپنی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کا باضابطہ آغاز کر سکے گا، جبکہ پی ٹی اے کمپنی کی جمع کروائی گئی دستاویزات کا جائزہ لے رہا ہے۔ حکام کے مطابق اسٹار لنک کی سروسز موجودہ نیٹ ورک میں کسی خلل کا باعث نہیں بنیں گی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے 2023 میں نیشنل سیٹلائٹ پالیسی متعارف کرائی تھی، جبکہ 2024 میں اسپیس ایکٹیویٹیز رولز کے ذریعے ملکی اسپیس کمیونیکیشن کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات کیے گئے تھے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter