دوحا، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کے بیانات کے باوجود اسرائیل غزہ سے فوج کے انخلا پر تیار ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچنے کیلئے دوحا میں ہونے والے مذاکرات میں غزہ سے اسرائیلی ڈیفنس فورس کے انخلا پر اتفاق کیا گیا تھا۔
انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے غزہ سے انخلا کے شیڈول اور مقام کے تعین سے متعلق معاہدہ بلکل کلیئر ہے اور اسرائیل بھی اس پر رضا مند ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے گزشتہ ہفتے مذاکرات میں طے پانے والے نکات سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنگ بندی معاہدہ تیار کرلیا گیا، جس پر 3 مراحل میں عملدرآمد کیا جائے گا اور غزہ سے اسرائیلی فورس کا انخلا بھی ان مراحل میں شامل ہے۔
انٹونی بلنکن کا مزید یہ کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ملاقات کے دوران انہیں امریکا کے تجویز کردہ جنگ بندی معاہدے پر رضا مندی سے متعلق آگاہ کردیا تھا۔