ہفتہ, 26 اپریل , 2025

مصطفی عامر کیس، ملزم ارمغان کے والد کے گرد قانونی گھیرا تنگ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد کے گرد قانونی گھیرا تنگ ہوتا جا رہا ہے۔

کراچی میں مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد کے خلاف قانونی شکنجہ مزید سخت ہوتا جا رہا ہے۔ کیس میں پیش رفت کے تحت ملزم کامران قریشی کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اے وی سی سی کو ملزم سے جیل میں تفتیش کی اجازت دیتے ہوئے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

latest urdu news

انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 4 کے روبرو اے وی سی سی کے تفتیشی انسپکٹر محمد علی نے عدالت سے کامران قریشی سے تفتیش کی اجازت طلب کی۔ تفتیشی افسر کے مطابق، جب ملزم کو منشیات کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تو اس کے موبائل سے ایک ویڈیو ملی، جس میں وہ پشاور سے اسلحہ لے کر آ رہا تھا۔ پولیس کے مطابق، یہی اسلحہ ایک پولیس مقابلے میں استعمال ہوا تھا۔

عدالت نے تفتیش کے لیے 6 اور 7 اپریل کو دن کی روشنی میں جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی اور ہدایت کی کہ تفتیشی افسر 8 اپریل کو مکمل رپورٹ پیش کرے۔ عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھی ہدایت دی کہ تفتیشی افسر کو ملزم تک رسائی دی جائے۔

دوسری جانب، جوڈیشل کمپلیکس میں جوڈیشل مجسٹریٹ نمبر 9 کی عدالت میں بھی کیس کی سماعت ہوئی، جہاں تفتیشی افسر نے پولیس مقابلے اور غیر قانونی اسلحے کے مقدمے میں کامران قریشی کی گرفتاری کے لیے اجازت طلب کی، جو عدالت نے منظور کر لی۔

تفتیشی افسر محمد علی کے مطابق، ملزم کامران قریشی کو دہشت گردی ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ مصطفی عامر قتل کیس کا مرکزی ملزم ارمغان عرف "آرمی” پہلے ہی زیر حراست ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter