ریاض، سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شعیب ملک کی جانب سے محمد رضوان کے کپتان بننے پر ردِعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شعیب ملک کا کہنا تھا کہ مایہ ناز بلے باز محمد رضوان کے کرکٹ ٹیم کے کپتان بننے پر خوشی ہے، وہ اسمارٹ کرکٹر ہیں۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹر محمد رضوان نے جہاں بھی کپتانی کی کامیاب رہے، قوی امید ہے کہ قومی ٹیم میں بھی وہ کامیاب ہوں گے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ ان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں، ناکامی زیادہ سکھاتی اور کامیابی صرف آپ کے دماغ کو خراب کرتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ابو بکر کی لاہور میں کامیاب گھٹنے کی سرجری ہوگئی۔
ابوبکر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے، ان کی سرجری اسکاٹ لینڈ سے آئے ہوئے پاکستانی ڈاکٹر کامران بٹ نے مقامی اسپتال میں کی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق بگٹی، سابق صدر اختر رسول، اور کوچ طاہر زمان نے اسپتال میں ابو بکر کی عیادت کی۔