آج سے دو برس قبل فیملی ویلاگنگ سے مشہور ہونے والے یوٹیوبر رجب بٹ اِن دنوں ایک مرتبہ پھر تنازع کا شکار ہوگئے ہیں اور قوم سے معافی مانگنے پر مجبور ہیں۔
رجب بٹ ایک بار پھر تنازع کا شکار ہونے کے بعد سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں انہوں نے عمرے کی سعادت حاصل کی اور خانہ کعبہ کے سامنے کھڑے ہو کر اپنے پرفیوم "295” کے نام پر معافی مانگی۔ ان کے پرفیوم کا نام پاکستان میں توہینِ رسالت سے متعلق قانون کی دفعہ 295 سے مشابہت رکھتا تھا، جس پر شدید عوامی ردعمل دیکھنے میں آیا۔ اس تنازع کے بعد انہیں ملک چھوڑنا پڑا اور اب وہ حرم شریف میں کھڑے ہو کر ایک بار پھر وضاحت دے رہے ہیں۔
اپنی نئی ویڈیو میں، جو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی، رجب بٹ نے کہا کہ وہ حلفاً گواہی دیتے ہیں کہ ان کا ارادہ کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا نہیں تھا اور وہ لاعلمی میں یہ غلطی کر بیٹھے۔ انہوں نے ہاتھ جوڑ کر عوام سے دل صاف کرنے کی اپیل کی اور ایک بار پھر علمائے کرام، پنجاب حکومت اور پاک فوج سے درخواست کی کہ ان کے خلاف درج پیکا ایکٹ کے مقدمے پر نظرِ ثانی کی جائے۔
رجب بٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے ہی وضاحت دی تھی کہ ان پر لگائی گئی 295 کی دفعہ بے بنیاد ہے، لیکن ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، جس سے مزید غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے ایک بار پھر اللہ اور اس کے رسول ﷺ سمیت پوری امت مسلمہ سے معافی مانگی اور امید ظاہر کی کہ انہیں انصاف ملے گا۔ یہ معاملہ ان کے لیے ایک بڑی آزمائش ثابت ہوا ہے، اور دیکھنا یہ ہے کہ وہ اس تنازع سے کیسے باہر نکلتے ہیں۔
View this post on Instagram