جمعہ, 25 اپریل , 2025

جو عناصر سیکیورٹی اداروں میں بغاوت کو فروغ دیتے ہیں، درحقیقت وہ ملک کے دشمن ہیں، آرمی چیف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو عناصر سیکیورٹی اداروں میں بغاوت کو فروغ دیتے ہیں، وہ درحقیقت ملک کے دشمن ہیں۔

اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل کو پاکستان کی بنیاد، دو قومی نظریہ اور اس کے قیام کی حقیقی کہانی سے آگاہ کرنا نہایت ضروری ہے۔

latest urdu news

انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کے سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کی وہ روشنی ہیں جو دنیا کے سامنے ملک کا مثبت چہرہ اجاگر کرتی ہے۔

انہوں نے برین ڈرین کے تصور کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ درحقیقت "برین گین” ہے، اور اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت فخر کے ساتھ قائم رکھیں۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج کے درمیان ایک مضبوط رشتہ قائم ہے، قوم اپنے شہداء کو عزت اور فخر کی نگاہ سے دیکھتی ہےاور پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے دہشتگردی کے خلاف عزم دہراتے ہوئے کہا کہ کچھ مٹھی بھر دہشتگرد ملک کے تابناک مستقبل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے، ان کی نسلیں بھی بلوچستان یا پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں،بلوچستان پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور ہمارے وقار کی علامت ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ جن ریاستوں کے تمام ادارے آئین اور قانون کے تابع ہو کر کام کریں، وہی حقیقی مضبوط ریاستیں کہلاتی ہیں۔

انہوں نے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہمیشہ رہے گا، جبکہ فلسطین خصوصاً غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ پاکستانی عوام کا دل دھڑکتا ہے، ہمیں نا امیدی سے بچنا ہے اور ثابت قدم رہنا ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter