گزشتہ روز یرغمالیوں کے بدلے اسرائیلی جیل سے آزاد ہونیوالے فلسطینی قیدیوں میں ایک شخص ایسا بھی تھا جس نے زندگی میں پہلی مرتبہ اپنی 2 بیٹیوں سے ملاقات کی۔
غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہے کہ گزشتہ روز 3 اسرائیلی اور 5 تھائی یرغمالیوں کے بدلے اسرائیل نے 110 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جن میں 47 سال کے حسین نصر بھی شامل تھے جنہیں 22 سال اسرائیلی جیلوں میں گزارنے کے بعد آزادی ملی۔
حسین نصر کو اسرائیلی فوج کی جانب سے تب گرفتار کیا گیا تھا جب ان کی زوجہ حاملہ تھیں اور حسین نصر کی گرفتاری کے بعد ان کی 2 بیٹیاں پیدا ہوئیں جو اب 21 اور 22 سال کی ہیں۔
زندگی میں پہلی مرتبہ اپنے والد سے ملاقات سے پہلے گفتگو کرتے ہوئے 21 سالہ رگت کا کہنا ہے کہ میں پہلی مرتبہ انہیں گلے لگاؤں گی، میں ان جذبات کو بیان نہیں کرسکتی۔
فلسطینی شہری کی بیٹی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے میرے والد کو اس وقت گرفتار کیا جب میری والدہ حاملہ تھیں، یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب ہمیں یہ احساس ہوگا کہ باپ کا ہونا کیا ہوتا ہے۔