جہلم، وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے یونین کونسل بوکن میں واقع وچلہ بیلہ پل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وچلہ بیلہ پل صرف ایک ڈھانچہ نہیں، بلکہ ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے، جو بوکن اور گردونواح کے باسیوں کے لیے نئی آسانیوں کا باعث بنے گا۔
افتتاحی تقریب میں سابق ایم پی اے چوہدری سعید اقبال، چوہدری بوٹا جاوید، مقامی مسلم لیگی رہنماؤں اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں بلال اظہر کیانی نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور وچلہ بیلہ پل جیسے ترقیاتی منصوبے دور دراز علاقوں کو قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کی سنجیدہ کوشش کا حصہ ہیں۔
انہوں نے پل کی بروقت تکمیل پر ضلعی انتظامیہ اور مقامی افراد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ان کی مسلسل محنت اور تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ وزیرِ مملکت نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت علاقے کی بنیادی ضروریات کے پیش نظر مزید ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ ہر فرد کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔
یاد رہے کہ وچلہ بیلہ پل کی تعمیر سے نہ صرف مقامی آبادی کو آمد و رفت میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی بلکہ اس پل کے ذریعے علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا، جو مقامی ترقی کا ایک اہم ذریعہ بنے گا۔