تحصیل سوہاوہ میں ترکی ٹول پلازہ کے قریب ایک نامعلوم خاتون کی لاش برآمد، پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کر دی
جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ترکی ٹول پلازہ کے قریب ایک ویران مقام سے 30 سالہ نامعلوم خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، خاتون کی لاش بیڈ شیٹ میں لپٹی ہوئی حالت میں ملی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ واقعہ کسی سنگین پرتشدد کارروائی کا نتیجہ ہے۔
پولیس اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاش پرانی ہونے کے باعث ناقابلِ شناخت ہے، تاہم اسے پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق، خاتون کی موت پرتشدد کارروائی کے نتیجے میں ہوئی، لیکن حتمی حقائق پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔
جہلم: اقدام قتل کی ملزمہ زیر حراست
سوہاوہ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، اور اس معاملے کو قتل سمیت اغوا یا دیگر ممکنہ جرائم کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ عوام کو انصاف مل سکے اور اس قسم کے افسوسناک واقعات کی روک تھام ہو سکے۔