سوہاوہ: خوفناک ٹریفک حادثہ: دو نوجوان جاں بحق، خاتون شدید زخمی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

تحصیل سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں تیز رفتار موٹرسائیکلوں کے تصادم سے دو نوجوان موقع پر جاں بحق، جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئیں۔ زخمی خاتون کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو جہلم منتقل کر دیا گیا۔

سوہاوہ، جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے نواحی علاقے ڈومیلی میں واقع پھڈیال روڈ پر دو تیز رفتار موٹرسائیکلوں کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق اور ایک خاتون شدید زخمی ہو گئیں۔

latest urdu news

حادثہ دیال کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب دونوں موٹرسائیکلیں تیز رفتاری کے باعث آپس میں آمنے سامنے ٹکرا گئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 31 سالہ نعیم شہزاد، جو دینہ کے علاقے منہاس ٹاؤن مفتیاں کا رہائشی تھا، اور 21 سالہ حسن ابرار، جو کھیپڑ دیال (ڈومیلی) سے تعلق رکھتا تھا، شامل ہیں۔ حادثے میں شدید زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت 30 سالہ لبنیٰ ندیم کے طور پر ہوئی ہے، جو جاں بحق ہونے والے نعیم شہزاد کی اہلیہ ہیں۔

واقعے کے بعد جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمی خاتون کو نجی ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر ڈومیلی منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ تاہم، خاتون کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جہلم ریفر کر دیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دونوں موٹرسائیکل سوار تیز رفتاری سے سفر کر رہے تھے اور موڑ کاٹتے ہوئے کنٹرول ختم ہو جانے کے باعث یہ ہولناک تصادم پیش آیا۔

یاد رہے کہ سوہاوہ اور گردونواح میں سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث ایسے حادثات معمول بن چکے ہیں۔ مقامی شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر رفتار پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter