کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس کے ہمراہ جہلم کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں اور فلڈ ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا اور ریسکیو آپریشن کی رفتار اور مؤثر کارروائی پر ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر وہ جہلم میں متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے آئے ہیں تاکہ صورتحال کا خود جائزہ لیا جا سکے۔ کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ ریسکیو آپریشن آج مکمل ہو جائے گا اور انتظامیہ کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔
انہوں نے پاک فوج، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ جہلم کو بروقت رسپانس اور مؤثر اقدامات پر شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔
ریسکیو 1122 جہلم کے ڈسٹرکٹ انچارج سعید احمد نے کمشنر راولپنڈی کو متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس دوران کمشنر نے ریسکیو اہلکاروں کو وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے خصوصی شاباش کا پیغام بھی پہنچایا۔