جہلم: بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی پروگرام کی حقیقت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ میٹرو بس ہو، جدید کیتھ لیب ہو، واٹر سپلائی اسکیمیں ہوں یا ستھرا پنجاب منصوبہ، یہ تمام اقدامات عوامی ریلیف کی عملی مثالیں ہیں۔
وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے آج جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صوبے جنہیں ایسا وزیر اعلیٰ اور ایسی حکومت میسر نہیں وہ صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر پر صرف باتیں کرتے ہیں جبکہ پنجاب میں یہ منصوبے زمین پر نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہاں کے وزیر اعلیٰ عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے دوروں، پہیہ جام اور جلسوں میں مصروف ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کے عوام کا اس صورتحال میں کوئی قصور نہیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ مذاکرات کے عمل میں واحد رکاوٹ عمران خان ہیں، جو کبھی جمہوری اور سیاسی سوچ کے حامل نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک مسلط شدہ وزیر اعظم تھے اور بالا کوٹ حملے کے موقع پر ہونے والی سیکیورٹی بریفنگ میں بھی شریک نہیں ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بیانات اور سوشل میڈیا پیغامات میں وہ اپنی افواج پر وہی الزامات لگا رہے ہیں جو بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کی زبان سے سنے جاتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعت ہے، ہر بات پر اتفاق ضروری نہیں ہوتا، مگر سنجیدہ مکالمہ اور جمہوری طریقہ کار ناگزیر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پیپلز پارٹی آج بھی اتحادی حکومت کا حصہ ہے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا دورہ کیا اور وہاں قائم جدید کارڈیک کیتھ لیب میں فراہم کی جانے والی عالمی معیار کی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ہسپتال انتظامیہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیتھ لیب میں اینجیوگرافی، اینجیو پلاسٹی، پرائمری پی سی آئی اور عارضی پیس میکر لگانے جیسی پیچیدہ اور جدید سہولیات مستقل بنیادوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے مختلف وارڈز کا بھی معائنہ کیا اور سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ان سہولیات کی بدولت جہلم اور گردونواح کے مریضوں کو دل کے علاج کے لیے لاہور یا راولپنڈی جانے کی ضرورت نہیں رہی، اور انہیں مقامی سطح پر مفت اور بروقت علاج میسر آ رہا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین نے بتایا کہ ہسپتال کی مانیٹرنگ اور ادویات کی دستیابی روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنائی جا رہی ہے، جس پر وفاقی وزیر نے انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔
بلال اظہر کیانی نے اس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوامی ریلیف کی فراہمی کے لیے جادہ بس اسٹاپ سے سول ہسپتال جہلم تک ای-بس (گرین الیکٹرک بس) سروس میں سفر کیا۔ انہوں نے کرایوں کے نظام اور مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ای-بس سروس طلباء، طالبات، خواتین اور 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے بالکل مفت ہے، جبکہ نوجوانوں کے لیے کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ شہریوں نے اس اقدام کو مہنگائی کے دور میں بڑا ریلیف قرار دیتے ہوئے حکومت کو سراہا۔
بلال اظہر کیانی نے اعلان کیا کہ جہلم کے لیے مزید ای-بسیں جلد فراہم کی جائیں گی تاکہ شہر کے تمام اہم روٹس پر سستی، معیاری اور ماحول دوست سفری سہولت دستیاب ہو سکے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بسوں کے روٹس، صفائی اور سروس کی روزانہ بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے، اور عوامی فیڈ بیک کی روشنی میں اس منصوبے کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
