جہلم پولیس کی بڑی کارروائی، بین الصوبائی مانا ڈکیت گینگ کے چار کارندوں کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا، ملزمان سے 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسرقہ برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم پولیس نے ڈکیت گینگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ صدر اور ان کی ٹیم نے بین الصوبائی مانا ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو کارندوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 27 لاکھ روپے سے زائد نقدی، ایک گاڑی، سات موٹرسائیکلیں اور دیگر قیمتی سامان برآمد ہوا ہے۔ کل برآمد ہونے والا مال مسروقہ 54 لاکھ 34 ہزار روپے سے زائد مالیت کا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں قمر عباس، امتیاز، عمران عرف مانا اور حسن میر شامل ہیں۔ ملزمان ڈکیتی، چوری، سنیچنگ اور دیگر سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ گرفتار ملزمان کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ، میرپور اور جہلم سے ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ چاروں ملزمان کی جیل کے اندر دوستی ہوئی جس کے بعد انہوں نے "مانا گینگ” تشکیل دیا اور مختلف شہروں میں اوورسیز فیملیوں کو ٹارگٹ کر کے لوٹ مار کی وارداتیں کرنا شروع کیں۔
جہلم پولیس کی بڑی کارروائی: شراب سپلائی کرنے والا ملزم گرفتار
پولیس نے مزید کہا کہ یہ گینگ شہریوں کو خاص طور پر ویران علاقوں اور سڑکوں پر اسلحے کے زور پر لوٹتا تھا۔ گرفتار ملزمان کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور توقع ہے کہ ان سے مزید برآمدگیاں بھی ہوں گی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔