پاکستان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ نیزہ باز (ٹینٹ پیگر) عروج اظہر کیانی نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن (ITPF) نے انہیں باضابطہ طور پر “ویمن آف دی ایئر 2025” کے اعزاز سے نوازا ہے۔
اس عالمی اعزاز کے لیے دنیا بھر سے صرف پانچ ممتاز خواتین کھلاڑیوں کے نام شارٹ لسٹ کیے گئے تھے، جن میں سے فیصلہ کن انتخاب عروج اظہر کیانی کے حق میں کیا گیا — جو پاکستان کے لیے ایک بڑے فخر کی بات ہے۔
انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عروج اظہر کیانی نے اپنی غیر معمولی کارکردگی، کھیل کے ساتھ گہرے جذبے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمایاں نمائندگی کے ذریعے شاندار مثال قائم کی۔
اعلامیے کے مطابق، عروج اظہر کیانی نے نہ صرف کھیل کے میدان میں اپنی مہارت منوائی ہے بلکہ وہ پاکستان اور دنیا بھر کی خواتین ایتھلیٹس کے لیے تحریک اور رہنمائی کی علامت بن چکی ہیں۔
یہ اعزاز عروج اظہر کیانی کی ذاتی کامیابی کے ساتھ ساتھ پاکستان، خصوصاً ان کے آبائی شہر جہلم کے لیے بھی ایک تاریخی فخر کا لمحہ ہے، جس نے ایک بار پھر عالمی کھیلوں میں پاکستان کا پرچم بلند کیا ہے۔
