اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پٹرول، ڈیزل اور دیگر مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور سپلائی کا نظام مکمل طور پر فعال ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق بلال اظہر کیانی نے ایک اہم بیان میں کہا کہ حکومت ایران-اسرائیل کشیدگی کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی ممکنہ معاشی اور توانائی سے متعلق صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
وزیرِ مملکت نے بتایا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے لازمی ذخائر کی سطح کو برقرار رکھیں تاکہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا، “عوام کو کسی قسم کی پریشانی کی ضرورت نہیں ہے، پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر دستیاب ہیں اور ان کی سپلائی بھی جاری ہے۔ تمام ادارے مکمل رابطے میں ہیں اور کسی بھی ممکنہ بحران کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔”
بلال اظہر کیانی نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم، وزارتِ پیٹرولیم، اور وزارتِ خزانہ مل کر ملک میں توانائی کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا یا غیر مصدقہ ذرائع پر چلنے والی افواہوں پر توجہ نہ دیں اور صرف سرکاری ترجمانوں کی جانب سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا ہے، جس پر بعض حلقوں کی جانب سے پاکستان میں بھی ممکنہ قلت کے خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے۔ تاہم حکومت کی بروقت وضاحت کے بعد صورتحال واضح ہو گئی ہے۔