پری مون سون بارشوں سے منگلا سمیت دیگر ڈیمز میں پانی کی سطح بلند، 15 دن میں ذخائر میں 35 لاکھ 60 ہزار ایکڑ فٹ اضافہ ہوا۔
منگلا: ملک بھر میں جاری پری مون سون بارشوں نے پانی کے ذخائر میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ملک کے بڑے ڈیمز، بالخصوص منگلا ڈیم تیزی سے بھرنے لگے ہیں، جس سے قابلِ استعمال پانی کی مقدار میں خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق، گزشتہ 15 روز میں ملک بھر کے قابلِ استعمال پانی کے ذخیرے میں 35 لاکھ 60 ہزار ایکڑ فٹ کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد مجموعی سطح 73 لاکھ 71 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گئی ہے۔
منگلا ڈیم کی بات کی جائے تو اس میں پانی کے ذخیرے میں 4 لاکھ 90 ہزار ایکڑ فٹ کا اضافہ ہوا، جس کے بعد منگلا میں قابلِ استعمال پانی کی مقدار 30 لاکھ 19 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ منگلا ڈیم میں آج پانی کی سطح 1168 فٹ ہے، جبکہ اس کی مکمل گنجائش 1242 فٹ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 6 سے 10 جولائی تک ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری
اس پیش رفت سے نہ صرف زرعی ضروریات پوری ہونے میں مدد ملے گی بلکہ ملک میں پانی کی ممکنہ قلت کے خدشات بھی کم ہوں گے۔ محکمہ آبپاشی اور واپڈا کے ماہرین نے اس رجحان کو خوش آئند قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مزید بارشوں کی صورت میں ڈیمز مکمل بھر جائیں گے، جو مستقبل میں زرعی اور شہری ضروریات کے لیے مفید ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ منگلا اور تربیلا جیسے بڑے ڈیمز ملک کی زرعی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اور بارشوں کے ذریعے ان میں پانی کا بھرنا نہ صرف کسانوں کے لیے خوشخبری ہے بلکہ توانائی کے بحران پر قابو پانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔