راٹھیاں، جی ٹی روڈ پر واقع راٹھیاں کے مقام پر دو کاروں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق حادثہ شدید نوعیت کا تھا، جس میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کیا،متوفی کی شناخت چوہدری اورنگزیب میکن ولد چوہدری اللہ دتہ کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمر 60 سال اور تعلق پھالیہ، منڈی بہاؤالدین سے تھا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور صورت حال پر قابو پایا گیا، حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم مقامی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ جی ٹی روڈ پر حد سے زیادہ رفتار اور لاپرواہی کے باعث اس قسم کے حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں، جن سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے،عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دورانِ سفر احتیاط سے کام لیں۔