پسند کی شادی کرنے والا جوڑا اغوا، پولیس نے بروقت کارروائی میں بازیاب کرا لیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

جادہ چوک سے اغوا کیے گئے لڑکی اور لڑکے کو جہلم پولیس نے گوجرخان سے بازیاب کرا لیا، دو اغواکار گرفتار، باقی کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری۔

جہلم، جادہ چوک کے قریب دن دیہاڑے پیش آنے والے اغوا کے واقعے میں پسند کی شادی کرنے والے نوجوان جوڑے کو اسلحے کے زور پر اغوا کیا گیا، تاہم پولیس نے برق رفتاری سے کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو بازیاب کرا لیا۔ پولیس نے گوجرخان میں چھاپہ مار کر دو اغواکاروں کو گرفتار کر لیا، جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

latest urdu news

تفصیلات کے مطابق، لڑکی اور لڑکے نے ایک روز قبل گوجرخان میں پسند کی شادی کی تھی اور اس کے بعد جہلم منتقل ہو گئے تھے۔ اگلے ہی روز دو گاڑیوں میں سوار 6 سے 7 مسلح افراد نے جادہ چوک کے قریب انہیں اغوا کر لیا۔ واقعے کی ویڈیو مقامی صحافی اور پریس کلب کے رکن چوہدری دانیال عابد نے موقع پر بنا کر تھانہ سٹی کے ایس ایچ او چوہدری اللہ دتہ کو بھجوائی۔

ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ عوام اغواکاروں کو روکنے کی کوشش کر رہے تھے اور منت سماجت بھی کر رہے تھے، تاہم ملزمان نے اسلحے کے زور پر لڑکی اور لڑکے کو زبردستی گاڑی میں ڈال کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے گوجرخان سے جوڑے کو بازیاب کرا لیا۔

ایس ایچ او چوہدری اللہ دتہ کے مطابق گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی تلاش کی جا رہی ہیں۔ پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی کو بھی ذاتی فیصلوں کی بنیاد پر ایسی کارروائیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یاد رہے کہ جہلم میں حالیہ دنوں میں اغوا اور ذاتی دشمنیوں کے باعث ایسے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس پر شہری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter