جہلم میں تاریخی "ونٹر اسپورٹس گالا” کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ یہ میگا ایونٹ "کھیل، توانائی اور یوتھ پاور” کے ویژن کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے، جسے جہلم میں ایک نئے اسپورٹس کلچر کی بنیاد قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے بھائی حمزہ اظہر کیانی کی قیادت میں اسپورٹس وفد نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے ملاقات کی، جس میں پہلی بار ضلع بھر کی تمام مقامی اسپورٹس ایسوسی ایشنز، کھلاڑیوں اور اسپورٹس کمیونٹی کو باضابطہ مشاورت میں شامل کیا گیا۔ حکام کے مطابق، اس عمل کا مقصد ایونٹ کو زیادہ نمائندہ، منظم اور نوجوانوں کے لیے با مقصد بنانا ہے۔
"ونٹر اسپورٹس گالا” رواں سال نومبر / دسمبر میں منعقد کیا جائے گا، جس میں 10 ہزار سے زائد نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی شرکت متوقع ہے۔ مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ، یہ ایونٹ نوجوانوں کے لیے کھیل، صحت، سرگرمی اور کمیونٹی انگیجمنٹ کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
ذمہ داران کے مطابق، اس گالا سے جہلم کے اسپورٹس کلچر کو نئی زندگی ملے گی، مقامی ٹیلنٹ کو آگے آنے کا موقع ملے گا اور نوجوانوں کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئیں گی، جس سے مستقبل میں ضلع میں مزید بڑے اسپورٹس ایونٹس کی راہ ہموار ہو گی۔
