جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ریلیف ویژن کے تحت ضلع جہلم میں چینی کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے اور اس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی پر متعدد دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، حکومت پنجاب نے چینی کا سرکاری نرخ 173 روپے فی کلو مقرر کر رکھا ہے، تاہم اس سے زائد قیمت وصول کرنے کی متعدد شکایات پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی ہدایت پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر نے مقامی چینی تاجروں سے ملاقات کی، جس میں چینی کی دستیابی، قیمتوں اور فروخت کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے دکانداروں کو واضح ہدایت جاری کی کہ ہر دکان پر سرکاری نرخ نامہ نمایاں طور پر آویزاں ہونا چاہیے، اور چینی صرف مقررہ قیمت پر ہی فروخت کی جائے گی۔
ایڈیشنل ڈی سی نے خبردار کیا کہ کم وزن یا زائد قیمت پر چینی فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
35 مقامات پر چیکنگ، 45 ہزار روپے کے جرمانے اور گرفتاریاں
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ روز ضلع بھر میں 35 مختلف مقامات پر چینی کی قیمتوں اور دستیابی کا معائنہ کیا گیا۔ اس دوران تین دکانداروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 45 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
عوامی ریلیف اولین ترجیح ہے: ڈپٹی کمشنر
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اس موقع پر کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو بنیادی اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر بآسانی دستیاب ہو سکیں اور انہیں مہنگائی کے دباؤ سے نجات دلائی جا سکے۔