جہلم میں ترمیم شدہ ٹریفک قوانین کے نفاذ کے بعد ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ قانون کی بالادستی کے تحت اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر (جنرل) کی سرکاری گاڑی کو بھی خلاف ورزی پر نہ چھوڑا گیا اور ڈرائیور کی جانب سے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر موقع پر چالان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس نے دوران چیکنگ اے ڈی سی جی کی سرکاری گاڑی کو روکا، جہاں ڈرائیور کی جانب سے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی خلاف ورزی پائی گئی جس پر فوراً قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے چالان جاری کیا گیا۔
ڈی ایس پی ٹریفک خرم فیاض ستی نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، چاہے کوئی عام شہری ہو یا سرکاری افسر۔ انہوں نے بتایا کہ جہلم میں ترمیمی ٹریفک قوانین کے تحت بغیر سیٹ بیلٹ ڈرائیونگ، کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کے بہتر نظام کے لیے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
