ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایات پر جہلم پولیس نے ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کا سلسلہ شروع کیا۔ اس کارروائی کے دوران ضلع کے مختلف علاقوں میں 06 مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں 76 گھروں اور 149 افراد کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق یہ سرچ آپریشنز دہشت گردوں، اشتہاری مجرمان اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی جبکہ اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے کیے گئے۔ دورانِ آپریشن شہریوں کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ویریفکیشن بھی کی گئی۔
اس کے علاوہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سپیشل ناکہ بندی قائم کر کے مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔ سرچ آپریشنز کا مقصد ناجائز اسلحہ اور منشیات کی برآمدگی، سماج دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اور شرپسندوں کو اپنے مذموم عزائم سے باز رکھنا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ضلع بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔
